دبئی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ بھارت کی قیادت روہت شرما کے ہاتھوں میں ہے، اور دونوں کپتان جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس گراؤنڈ پر اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گا اور ہر ایونٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پچ بنگلہ دیش کے میچ سے مختلف ہے، اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی ہدف کا تعاقب آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو وہ پہلے باؤلنگ کرتے، تاہم ٹاس ہارنا ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ ٹیم بھرپور طریقے سے کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ اس میگا ایونٹ میں دونوں ٹیمیں پانچ بار مدمقابل آئی ہیں، اور پاکستان نے تین بار بھارت کو شکست دی ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں بھی پاکستان کو بھارت پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں ایک روزہ کرکٹ میں 135 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جس میں پاکستان نے 73 جبکہ بھارت نے 57 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان کے سکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے سکواڈ میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایئر، اکثر پٹیل، کے ایل راہول، ہارڈک پانڈیا، روندرا جدیجا، ہرشت رانا، محمد شامی، کلدیپ یادیو شامل ہیں ۔