مسلم امہ کے درمیان نفاق کا بیج بونے والوں کو ناکام بنا دیں : طیب اردوان

مسلم امہ کے درمیان نفاق کا بیج بونے والوں کو ناکام بنا دیں : طیب اردوان

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیّب اردوان نے اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلم امہ کے درمیان نفاق کا بیج بونے والوں کے عزائم ناکام بنا دیں۔


اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کی تاریخ میں جتنی بھی برائیاں تھیں وہ تمام ہم پر مسلط کرتے ہوئے اپنے مستقبل کی ضمانت کو محفوظ کر رہے ہیں لہٰذا ہمیں چاہیئے کہ اسلامی امہ، اتحاد و یکجہتی اور اپنی آئندہ کی نسلوں کو تباہی سے بچانے کیلئے ان گھناؤنے عزائم کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش، پی کے کے، القاعدہ، گولن تنظیم، بوکو حرام اور ان جیسی دہشت گرد تنظیموں نے دنیا کو خون میں نہلا دیا ہے اورجہاں تک شام اور آراکان کی صورتحال کا سوال ہے تو اس کیلئے تہذیب و انسانی اوصاف کے کھوکھلے دعوے کرنے والی مغربی دنیا ہمارے سامنے ہے۔


ترک صدر نے دن میں 5 دفعہ ایک ہی قبلے کی سمت سربسجود ہونے والی مسلم امہ سے التجا کی کہ آپس میں مذہبی منافرت اور نظریاتی اختلافات کو چھوڑ کر رنجشوں کا خاتمہ کریں کیونکہ یہ تمام عوامل وہ ہیں جو کہ ہمارے دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں اور ہمارے درمیان اپنے مفادات کی خاطر نفاق کی دیوار کھڑی کر رہے ہیں۔