اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار ماسکو اور برسلز کے کامیاب سفارتی دوروں کے بعد مدینہ منورہ میں مختصر قیام کے بعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے 17 سے 19 نومبر تک ماسکو اور 19 سے 21 نومبر تک برسلز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہم دوطرفہ ملاقاتیں اور بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے گفتگو کی۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے دورے کے دوران مدینہ منورہ میں روزۂ رسول ﷺ پر حاضری دی اور امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس دوران انہوں نے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کے یہ دورے پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں اہم پیشرفت سمجھے جا رہے ہیں، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔