پولیس نے شہباز گل کے مزید 7 روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی

پولیس نے شہباز گل کے مزید 7 روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے مزید 7 روزہ ریمانڈ کی استدعا کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکیورٹی میں ایف ایٹ کچہری پہنچایا گیا جبکہ اس موقع پر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا جس پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے عدالت کے باہر نعرے بازی شروع کر دی۔
دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد پولیس ہر روز ملزم شہباز گل سے تفتیش کر رہی ہے اور ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا گیا۔ شہباز گل کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے اور ابھی تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لئے ملزم کی حراست بہت ضروری ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ 48 گھنٹوں کے ریمانڈ میں فونز، 4 یو ایس بیز اور ملزم کے کمرے کی تلاشی لی گئی لیکن اب بھی ہمیں کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں اور اس کے علاوہ شہباز گل کے استعمال میں مرکزی فون کی برآمدگی بھی مقصود ہے۔ 
جج نے استفسار کیا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی پہلے ریمانڈ میں استدعا نہیں کی گئی تھی؟ جس پر سپیشل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گزشتہ ریمانڈ میں استدعا نہیں تھی تاہم جو ریمانڈ معطل ہوا اس میں تھی، واردات میں استعمال کیا گیا موبائل فون ابھی تک برآمد نہیں کیا جا سکا۔
ڈیوٹی جج نے کہا کہ حکم نامے میں تو کہہ رہے تھے کہ پولی گرافک ٹیسٹ اسلام آباد میں ہوتا ہے جس پر رضوان عباسی نے کہا کہ وہ شاید کا لفظ ہے، اگر اسلام آباد میں ہوتا ہے تو ادھر سے ہی کروا لیں گے، کچھ پیش رفت ہوئی ہے لیکن اب بھی کچھ تفتیش باقی ہے، ملزم سے کچھ برآمدگی اور ملزمان سے متعلق پوچھ گچھ کرنی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے مزید 7 روز کے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں