اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زیتون کی پیداوار، ویلیو چین اور برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستان نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کا اجرا کردیا۔
اسلام آباد میں پالیسی کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انہیں پاکستان کے مایہ ناز زیتون کے کسانوں، محققین اور برآمد کنندگان سے مخاطب ہوکر خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں اور ماہرین کی شب و روز محنت سے ملک میں زیتون کے شعبے میں شاندار مثال قائم ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے لورالائی سے عبدالجبار، مردان سے قرۃ العین اور چکوال سے یعقوب اظہار کی محنت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے زیتون کی کاشت کو فروغ دینے والے کسانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے صوبائی حکومتوں کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ زیتون کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ اس کی مصنوعات کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے زیتون کی مختلف مصنوعات کے سٹالز کا دورہ کیا اور کاشت کاروں اور کاروباری افراد سے گفتگو کی۔ ملک بھر سے زیتون پیدا کرنے والے انٹرپرینیورز نے وزیراعظم کو اپنی مصنوعات، پیداوار اور برآمدی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
حکومت کی جانب سے نیشنل اولیو ویلیو چین پالیسی کے اجرا کا مقصد زیتون کی کاشت، پیداوار، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کو فروغ دے کر ملکی معیشت میں اس شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔