ماسکو: وزیر اعظم عمران خان آج روس کے دارالحکومت ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا تاہم اہم ملاقات کتنی دیر تک جاری رہے گی؟ شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی اہم ملاقات کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بڑھا کر تین گھنٹے کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان روس کے دو روزہ اہم دورے پر ہیں اور صدر پیوٹن سے وزیراعظم کی آج ہونیوالی ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہے، ملاقات میں اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی جائے گی۔
وزیراعظم کی روس کےڈپٹی وزیراعظم سے ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں انرجی سیکٹر میں تعاون کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ جبکہ وزیر اعظم روسی ٹی وی کو انٹرویو بھی دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورہ روس مکمل کرنے بعد وطن واپسی کیلئے روانہ ہونگے۔
Prime Minister @ImranKhanPTI's arrival and reception at Moscow Airport, Russia.#PMIKinRussia pic.twitter.com/LBL8jzw9c1
— Prime Minister's Office (@PakPMO) February 23, 2022
واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا اپنے وفد کے ہمراہ روس کے دارالحکومت ماسکو پہنچنے پرزبردست استقبال کیا گیا ، عمران خان23سال بعد تاریخی دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر اعظم ہیں جن کا ریڈ کارپٹ پر روس میں شاندار استقبال کیا گیا ۔ وزیر اعظم کے استقبال کیلئے ائیرپورٹ پر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔