لاہور: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ بارشیں 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر ادارے مشینری اور عملے سمیت مکمل طور پر تیار رہیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی اور کچے یا بوسیدہ مکانات سے شہریوں کو دور رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور جمع شدہ پانی سے دور رہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔