Get Alerts

مون سون کی تباہ کاریاں، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال، نظام زندگی متاثر

مون سون کی تباہ کاریاں، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال، نظام زندگی متاثر

اسلام آباد: ملک کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

چلاس اور دیامر کے علاقوں تانگیر، داریل، تھور، رائیکوٹ اور گوہر آباد میں سیلابی ریلوں کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے، جبکہ پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ سیلابی صورتحال سے زرعی زمینیں، فصلیں اور باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

اپر کوہستان کے اچھار نالہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے شاہراہ متاثر ہوئی اور آمدورفت معطل ہوگئی۔

مانسہرہ میں سیف الملوک جھیل روڈ پر کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑی علاقے سے مٹی اور پتھر تیزی سے نیچے آنے لگے، جس سے سیاحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی شروع کر دی۔

دوسری جانب تونسہ کی تحصیل وہوا میں شدید بارش کے باعث متعدد مکانات اور دیواریں منہدم ہوگئیں، جبکہ گلیاں، محلے اور مقامی قبرستان بھی بارش کے پانی سے متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور امدادی ادارے سرگرم ہیں، جبکہ مزید بارشوں کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: