بھنڈی غذائیت سے بھرپور موسم گرما کی سبزی، فائدے بھی بے شمار  

Okra: Nutritious summer vegetable, the benefits are numerous
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: بھنڈی کا شمار برصغیر کی سب سے زیادہ کھائی جانے والی سبزیوں میں ہوتا ہےاور  سبز رنگ کی اس سبزی میں غذائیت کیساتھ ساتھ بہت سے فائدے بھی ہیں جو انسانی صحت کیلئے بہت ضروری ہیں۔

ذہنی دباؤ سے بچائے

بھنڈی کو بطور غذا اپنی خوراک میں شامل کرنے والے افراد ذہنی دباؤ سے محفوظ رہتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھنڈی کے پتوں اور بیجوں میں دو بڑے کمال کے اجزا پائے جاتے ہیں جو دماغی صحت کیلئے بہت مفید ہیں۔ ان اجزا کے نام فینول اور فلیونوائڈ ہیں۔ 

کینسر سے بچاؤ میں مددگار

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھنڈی کا سب سے زیادہ فائدہ اس میں کینسر جیسے موذی مرض سے بچاؤ کی صلاحیت ہے۔ اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھنڈی میں پایا جانے والا مادہ لیکٹن چھاتی کا کینسر بننے کا باعث بننے والے خلیو کا خاتمہ کرتا ہے۔

گردوں کی بیماریاں

موجودہ دور کے انسانوں میں آلودگی، ناقص غداؤں اور آلودگی کی وجہ سے گردوں کی بیماریاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ شوگر میں مبتلا مریضوں کے گردے بھی فیل ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ طبی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ بھنڈی کا باقاعدہ استعمال ناصرف شوگر کے مریضوں کی طبیعت میں بہتری لاتا ہے بلکہ انھیں گردوں کی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

شوگر کے مرض سے بچاؤ

بھنڈی کا ایک اور بڑا فائدہ شوگر جیسے موذی مرض سے بچاؤ ہے۔ بھنڈی ایسی لاجواب سبزی ہے جو انسانی جسم کے اندر شوگر کے لیول پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگر مریض باقاعدگی سے بھنڈی کا استعمال کریں تو اس سے وہ اس مرض سے اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

سانس کی بیماری میں فائدہ مند

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو شخص بھنڈی کا باقاعدگی سے کرتا ہے، اس میں سانس کی بیماریاں کم پیدا ہوتی ہیں۔ دمہ جیسے مرض سے بچنے کیلئے بھنڈی کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانسی کے مرض میں بھی یہ فائدہ مند ہے۔

کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکے

ہم جانتے ہیں کہ کولیسٹرول کی زیادتی انسان کو دل کے عارضے میں مبتلا کر دیتی ہے۔ اگر بھنڈی کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنا لیا جائے تو اس مرض سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ یہ سبزی دل کو قوت بخشتی ہے۔

غذائیت سے بھر پور اجزا

بھنڈی میں غذائیت سے بھرپور اجزا پائے جاتے ہیں۔ طبی ماہرین نے اپنی تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ یہ سبزی مختلف وٹامن کا خزانہ ہے۔