بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بدترین آلودگی کی لپیٹ میں آگیا

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بدترین آلودگی کی لپیٹ میں آگیا
کیپشن: Photo by Wionews

نیو دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی بدترین آلودگی کی لپیٹ میں آگیا، 8 ماہ کے دوران ایئر کوالٹی بدترین سطح پر ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں صبح سے شام تک اسموگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اور شہریوں کو سانس لینے میں انتہائی دشواری کا سامنا ہے۔ نئی دہلی کے رہائشی کہتے ہیں فضا انتہائی آلودہ ہے، سانس لینا بہت مشکل ہے، یوں محسوس ہوتا ہے آنے والے دنوں میں آکسیجن سلنڈر ساتھ لے کر گھر سے نکلنے پڑے گا۔

بھارت میں فضائی آلودگی کی ایک بڑی وجہ کسانوں کی جانب سے دھان کی فصل کی باقیات کو جلانا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بھارت کو غلیظ اور گندہ ملک قرار دے چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے درمیان آخری صدارتی مباحثہ گزشتہ روز ہوا جس میں امریکی صدر نے بھارت کو غلیظ، گندہ اور بے ہودہ قرار دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نئی دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 تک جا پہنچا تھا جس کے نتیجے میں 2 دن کیلئے سکول بند کر دیئے گئے تھے جبکہ ’ہاٹ مکس پلانٹوں‘ اور ’اسٹون کریشروں‘ پر عائد پابندی میں 15 نومبر تک توسیع کر دی گئی تھی۔ نئی دہلی میں سموگ کی وجہ سے گزشتہ سال دوسری بار سکول بند کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس حوالے سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ وہ لوگوں کی صحت کے ساتھ ہوا کی آلودگی کی وجہ سے دنیا کے سامنے ملک کے تشخص کے حوالہ سے بھی فکرمند ہیں۔ کیجریوال نے کہا کہ جب جرمن چانسلر اینجلا میرکل گذشتہ ماہ دہلی میں تھیں تو چاروں طرف "دھند" کا عالم تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کئی دنوں سے بدترین فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہے، جبکہ اتر پردیش، ہریانہ کے علاقوں میں بھی اسموگ چھائی رہی۔