Get Alerts

امریکہ میں شدید برفانی طوفان، لاکھوں افراد متاثر اور ہزاروں پروازیں منسوخ

امریکہ میں شدید برفانی طوفان، لاکھوں افراد متاثر اور ہزاروں پروازیں منسوخ

میکسیکو:امریکہ کی متعدد ریاستیں شدید برفانی طوفان کی زد میں ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ امریکی حکام نے 37 ریاستوں میں اسٹورم وارننگ اور ہائی الرٹ جاری کیا ہے، جبکہ تقریباً 19 کروڑ افراد کو خبردار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مڈویسٹ، مڈ اٹلانٹک اور نیو میکسیکو سے ٹینیسی ویلی تک شدید برفباری، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفانی موسم کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، جبکہ نیوجرسی میں پبلک ٹرانسپورٹ سروسز عارضی طور پر معطل ہیں۔

لوزیانا اور جنوب مشرقی ٹیکساس کے متعدد علاقوں میں آئس اسٹورم وارننگ نافذ ہے، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ انڈیانا میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال کر دیا گیا ہے، اور کولمبس میں گزشتہ دو دہائیوں کی شدید ترین برفباری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز، حفاظتی ہدایات پر عمل اور ہنگامی صورتِ حال میں مقامی اداروں سے فوری رابطے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو اور ایمرجنسی ادارے الرٹ رہ کر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگز: