الیکشن 2018 ، ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا

الیکشن 2018 ، ملک بھر میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور:عام انتخابات 2018 کیلئے پورے پاکستان میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ۔پولنگ اسٹیشن میں موجود افراد اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے ۔ اس کے علاوہ کوئی بھی فرد اب ووٹ نہیں کر سکے گا ۔ مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی اور شیخ رشید نے پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست کو قبول نہیں کیا اور یہ کہہ کر خارج کر دیا کہ الیکشن 2018 کیلئے پہلے ہی ایک گھنٹے کا وقت بڑھایا گیا تھا ۔

قومی اسمبلی کی 270 جب کہ چاروں صوبوں کی 570 نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 6 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ انتخابی عمل میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حصہ لیا ۔ قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 12 ہزار 570 امیدوار میدان میں ہیں۔قومی کی 2 اور صوبائی اسمبلیوں کی 6 نشستوں پر مختلف وجوہات کی بناء پر انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 6 سے پیپلز پارٹی کے میرشبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعظم ناصرالملک، آصف زرداری اور سینیٹ چیئرمین نے ووٹ کاسٹ کر دیا
   

حق رائے دہی کے لیے ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے تھے۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے لئے سبز جب کہ صوبائی اسمبلی کے لئے سفید بیلٹ پیپر استعمال کیا گیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار بیلٹ پیپرز میں سیکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں