واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں تہران حکام پہلے کی نسبت زیادہ سنجیدگی دکھا رہے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت جاری ہے، تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ایران پر بڑے حملے کیے جائیں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
امریکی صدر نے چین اور روس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں ممالک نے ایران کو اسلحہ فراہم کیا تو یہ ان کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ ٹرمپ کے مطابق چینی صدر سے حالیہ ملاقات میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ چین ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کرے گا۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں چین یا روس اس وقت ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہے، جبکہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکراتی عمل کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔