تہران :ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ ثالثی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے دھمکی آمیز اور دباؤ پر مبنی رویے کو قبول نہیں کرے گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران طاقت، دباؤ اور دھمکی کی زبان کے سامنے نہیں جھکے گا اور اپنے مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور جب تک متعلقہ مطالبات پورے نہیں ہوتے، ایران جنگ بندی پر آمادہ نہیں ہوگا۔
عباس عراقچی نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت میں شرکت یا تعاون کرنے والے ممالک کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف استعمال ہونے والی کسی بھی سرزمین کو جائز ہدف سمجھا جائے گا۔