اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، باہمی تعلقات اور علاقائی امن سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق گفتگو کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور باہمی روابط کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنایا جائے گا۔
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے میں پیش آنے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی رابطوں اور مسلسل مشاورت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اختلافات کے حل، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تعمیری مکالمہ اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے، علاقائی سلامتی کو فروغ دینے اور امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔