Get Alerts

فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک بہترین انسان متاثر کن شخصیت ہیں،پاکستان اور بھارت دونوں کو مشورہ دیا  تجارت کو فروغ دیں:ڈونلڈ ٹرمپ

فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک بہترین انسان متاثر کن شخصیت ہیں،پاکستان اور بھارت دونوں کو مشورہ دیا  تجارت کو فروغ دیں:ڈونلڈ ٹرمپ

دی ہیگ: دی ہیگ میں نیٹو سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے امریکی فوج نے ایرانی جوہری تنصیبات پر کامیاب حملہ کیا ہے، اور امن قائم کرنے کے لیے جو کچھ ممکن تھا، کیا گیا۔

ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی حملے کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی ہے اور انہیں یقین نہیں کہ دونوں کے درمیان دوبارہ جنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر حملوں کے بعد بھی جنگ ختم ہوئی تھی۔

امریکی صدر نے نیو یارک ٹائمز اور سی این این کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اب انہیں کوئی سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملوں کی وجہ سے ایران کئی سال پیچھے چلا گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ فردو میں سب کچھ ختم ہو چکا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی بہترین فوجوں میں شامل ہے اور ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی آبدوزوں سے داغے گئے میزائل کامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تمام میزائلوں کو بھی مار گرایا گیا ہے اور ایرانی جوہری تنصیبات اب فعال نہیں رہیں گی۔

صدر نے قطر پر ایران کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ امریکی ایئر بیس پہلے ہی خالی کروا لیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قطر میں امریکی ایئر بیس پر 14 میزائل داغے گئے لیکن سب کو مار گرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں اور انہوں نے خطے میں امن قائم کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

ٹرمپ نے نیٹو کانفرنس کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام رہنماؤں سے ملاقات ہوئی اور امریکی حملوں کی وجہ سے خطے میں امن و امان بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے رکن ممالک کو اپنے دفاعی بجٹ میں مزید اضافہ کرنا چاہیے اور ہر ملک کو اپنے بجٹ کا کم از کم 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنا ہوگا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران نے بہادری سے جنگ لڑی اور کہا کہ اگلے ہفتے ایران کے ساتھ مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ جو کوئی بھی مذاکرات کا خواہاں ہے، امریکہ اس کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کو تعمیر نو کے لیے مالی امداد کی ضرورت ہے اور چین کی مرضی ہے کہ وہ ایران سے تیل خریدے یا نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین انسان اور متاثر کن شخصیت ہیں، اور وہ میرے دفتر ملاقات کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنا ان کی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کو مشورہ دیا کہ تجارت کو فروغ دیں کیونکہ دونوں جوہری طاقتیں ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں روس کے صدر پیوٹن اور یوکرین کے صدر زیلنسکی کے ساتھ مسائل ہیں، جب کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

ٹیگز: