اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی تیز آندھی اور بارش متوقع ہے۔ خاص طور پر خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، میانوالی، اوکاڑہ، قصور، گجرات اور سیالکوٹ میں بادل چھائے رہیں گے اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ژوب، بارکھان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام اور آس پاس کے دیگر علاقے بھی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف شہروں میں آنے والی تیز آندھی اور طوفان نے تباہی مچائی تھی۔ مختلف حادثات میں 13 افراد جان بحق ہو گئے جبکہ 90 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ کئی شہروں میں گرنے والے درختوں نے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے، جس سے حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ آندھی اور بارش کے دوران کسی قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔