Get Alerts

ٹرمپ کا چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے بیجنگ کا دورہ کرنے کا اعلان

ٹرمپ کا چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے بیجنگ کا دورہ کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی مضبوط قرار دیتے ہوئے اگلے سال اپریل میں بیجنگ کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد جاری کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب کو امریکہ کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی، جسے شی جن پنگ نے خوش دلی سے قبول کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں تجارت، روس اور یوکرین کی جنگ، فینٹینائل کی وبا اور تائیوان جیسے اہم مسائل شامل تھے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ "ٹروتھ سوشل" پر اپنے بیان میں کہا کہ "ہمارے چین کے ساتھ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور ہم مستقبل میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کام کریں گے۔" چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، دونوں ممالک کو مساوات، احترام اور باہمی فائدے کی بنیاد پر تعلقات میں بہتری لانی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ٹیلی فونک بات چیت تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی اور اس دوران تجارت پر خاص توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تجارتی تعلقات میں بہتری آئے گی اور دونوں طرف سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔

ٹیگز: