پی ٹی وی کرپشن کیس، شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد

پی ٹی وی کرپشن کیس، شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد

اسلام آباد: عدالت نے پاکستان ٹیلی وژن کرپشن کیس میں اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی وی کرپشن کیس میں عدالت نے شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔عدالتی حکم کے بعد اینکر پرسن سپیشل سینٹرل عدالت سے فرار ہو گئے، کورٹ روم میں موجود ایف آئی اے حکام انھیں گرفتار کرنے میں ناکام رہے۔خیال رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود پر بہ طور چیئرمین پی ٹی وی کروڑوں کی کرپشن کا الزام ہے۔

14 ستمبر کو بھی اسپیشل سینٹرل کورٹ میں پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق درخواست پرسماعت ہوئی تھی، جس میں شاہد مسعود کے وکیل خاور شاہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ لیکن ڈاکٹر شاہد مسعود ذاتی طور پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر ان کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی.

فاضل جج نے کہا ملزم کو ذاتی طور پرعدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا۔اس سے قبل عدالت کی جانب سے یکم جون کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔