میں نے خود کو کشمیر کے سفیر کا درجہ دیا ہے: عمران خان

  میں نے خود کو کشمیر کے سفیر کا درجہ دیا ہے: عمران خان

 صوابی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑوں گا۔ کشمیر آزاد ہونے تک ان کا مقدمہ لڑتا رہوں گا۔ میں نے خود کو کشمیر کے سفیر کا درجہ دیا ہے۔

صوابی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ادارے کے اعلیٰ تعلیمی معیار پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ملکوں پر برا وقت آتا رہتا ہے، ابھی مشکل وقت ہے جلد نکل جائے گا۔ ہماری حکومت کی ترجیح تعلیم ہے۔ حکومت معیاری تعلیم پر توجہ دے رہی ہے۔ تعلیمی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ مشکلات ہیں، تعلیمی ادارے اپنا معیار برقرار رکھیں۔ جب شوکت خانم ہسپتال بنایا تو وعدہ کیا اسٹینڈ رڈ گرنے نہیں دینا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان کا رول ماڈل ہوتا ہے۔

ہمارے رول ماڈل نبی کریم ﷺ ہیں جن کا کوئی ثانی نہیں۔ طلبا نبی پاک ﷺ کی زندگی کا مطالعہ ضرور کریں۔ بچے بچے کو ریاست مدینہ کی خصوصیات کا بتانا چاہیے۔ بدقسمتی سے ہم نے دین ان پر چھوڑ دیا ہے جن کو سمجھ ہی نہیں۔ دنیا میں بڑے بڑے امیر لوگ آئے تاریخ نے ان کو یاد نہیں رکھا، فلاحی کام کرنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ تاریخ بے تحاشا دولت اکٹھی کرنے والوں کو یاد نہیں رکھتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پاکستان رہے گا لوگ قائداعظم کو یاد رکھیں گے۔

آج ہندوستان میں آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی ہے۔ آرایس ایس کا نظریہ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بناتا ہے۔ قائداعظم آرایس ایس کی آئیڈیالوجی سمجھ گئے تھے۔ پاکستان نہ بنتا تو ہمارے ساتھ بھی کشمیریوں جیسا سلوک ہوتا۔ قائداعظم نے اپنے مرض سے متعلق کسی کو پتا نہیں چلنے دیا۔ نیلسن منڈیلا نے ساؤتھ افریقا کو بچایا۔ ظالم کے خلاف کھڑے ہونے والوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔