کراچی: ملیر جیل سے 225 قیدیوں کی فرار کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری ہو گئی ہے جس میں سابق سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عبداللہ خاصخیلی اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ذوالفقار پیرزادہ کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
رپورٹ میں تینوں افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، آئی جی اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو بھی اس معاملے میں غفلت کا ذمہ دار پایا گیا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جیل توڑنے کا واقعہ صرف غفلت نہیں بلکہ نظام کی مکمل ناکامی ہے۔ جیل میں تیاری، تربیت اور سکیورٹی کے شدید فقدان کے باعث یہ واقعہ ممکن ہوا۔ جدید سی سی ٹی وی کیمرے اور الارم سسٹم بھی فعال نہیں تھے، جس نے سکیورٹی میں مزید چُھید پیدا کی۔