مارچ میں سستا تیل آنا شروع ہو جائے گا: مصدق ملک

مارچ میں سستا تیل آنا شروع ہو جائے گا: مصدق ملک

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ رواں سال مارچ میں پاکستان میں سستا تیل آنا شروع ہو جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق مصدق ملک نے کہا کہ مارچ میں تمام کمرشل ڈیلز پر دستخط ہو جائیں گے جبکہ اگلی سردیوں کیلئے روس سے ایل این جی کا معاہدہ کیا جائے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر تجارت ڈالرز میں ہوتی ہے جبکہ اس کے علاوہ کچھ اور ممالک بھی ہیں جن کی کرنسی ہم تجارت میں استعمال کرتے ہیں۔ 
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ اس کرنسی میں تجارت ہو سکتی ہے جو ہمارے پاس زیادہ ہو، کس کرنسی میں تجارت ہو گی اس سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ ہونا ہے۔ 
اس موقع پر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عدم اعتماد پر تمام اپوزیشن کو غدار قرار دیدیا۔ 
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہٹلر کی طرح آرٹیکل 5 لگایا، کسی نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اس پر ہیروئن کا کیس ڈال دیا گیا جس کی سزا موت ہے۔ 
مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، فواد چوہدری میرا دوست ہے اور اس پر الیکشن کمیشن نے مقدمہ کیا ہے، ہمیں قانون کے مطابق چلنا چاہئے، کسی کی تذلیل نہ کریں۔ 

مصنف کے بارے میں