اسلام آباد : وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی جانب سے پاکستان کی جی ایس پی پلس (GSP+) حیثیت کی منسوخی کے لیے چلائی جانے والی مہم پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے اس اقدام کو ریاست دشمنی قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو کھرا مشورہ دے دیا ہے۔
وزیرِ دفاع نے قاسم خان کے پاکستان مخالف مطالبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر بیٹے اپنے باپ کے بارے میں اتنے ہی فکر مند ہیں تو جی ایس پی پلس سٹیٹس کی منسوخی کے لیے عالمی سطح پر لابنگ کرنے کے بجائے اپنی محبت اور عزم کا حقیقی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی ایوانوں میں پاکستان کے معاشی مفادات کے خلاف مہم چلانے کے بجائے، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں رہ کر اپنے والد کا ساتھ دیں۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ملک کی تجارت اور جی ایس پی پلس جیسے اہم معاشی درجے کو نشانہ بنانا کسی طور پر قبول نہیں۔ ان کے مطابق باپ کی فکر کا اظہار پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا کر نہیں کیا جانا چاہیے۔ غیر ملکی سرزمین پر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف لابنگ کرنا سیاسی جدوجہد نہیں بلکہ ریاست دشمنی ہے۔