Get Alerts

محسن نقوی کی سعودی عرب کے وزیر کھیل سے ملاقات، کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت

 محسن نقوی کی سعودی عرب کے وزیر کھیل سے ملاقات، کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت

ریاض: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔ ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں میں شمولیت اور دونوں ممالک کے کھیلوں کے تعلقات کی مزید مضبوطی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت نے بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی حاصل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر کھیل کو ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے حصول پر مبارکباد دی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے میں غیر معمولی ترقی کر رہا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے کھیلوں میں تعاون کے عملی منصوبے تیار کریں گے، جن میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دوروں اور جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس کے انعقاد جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔ ان اقدامات سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں کے درمیان کھیلوں کے میدان میں ایک مضبوط دوستی اور ہم آہنگی کا فروغ ہوگا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کرکٹ کو دوستی اور علاقائی ہم آہنگی کا پل بنائیں گے، اور نوجوانوں کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کی یہ نئی راہیں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔

ٹیگز: