منامہ : وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر منامہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ منامہ ایئرپورٹ پر بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ، نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ، وزیر خارجہ ڈاکٹر عبد اللطیف بن رشید الزایانی اور بحرینی قیادت کے دیگر سینئر ارکان نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد کا پرجوش استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ، اور نائب وزیراعظم شیخ خالد بن عبداللہ الخلیفہ کے ساتھ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، اور ثقافتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان نتائج پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید تقویت دینے کے لیے پرعزم ہے۔