پاکستان کیساتھ مل کر طالبان کو وعدوں پر قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں: روس

Together with Pakistan, the Taliban are trying to keep their promises: Russia
کیپشن: فائل فوٹو

ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ طالبان اپنے وعدوں پر قائم رہیں، اس اہم معاملے پر ہم چین اور پاکستان کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

سرگئی لاروف نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی، پاکستانی اور چائنیز وفود نے کابل اور دوحہ کا بہت اہم دورہ کیا تھا جس کا مقصد عبداللہ عبداللہ، حامد کرزئی اور طالبان رہنماؤں کیساتھ مذاکرات تھا۔

روسی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری یہ اولین ترجیح ہے کہ طالبان نے عوامی سطح پر جو وعدے کئے ہیں وہ ان پر قائم رہیں، انہوں نے اس موقع پر امریکی حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی جلد بازی میں افغانستان کو چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو فورسز اور امریکا کا انخلا بغیر سوچے سمجھے تھا، جلد بازی میں بھاری ہتھیار افغانستان میں چھوڑ دیئے گئے جو اب طالبان کے قبضے میں ہیں، ہمیں تشویش ہے کہ کہیں ان ہتھیاروں کو تباہی کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔

اپنے خطاب کے دوران سرگئی لاروف نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک اقوام متحدہ کی اہمیت مسلسل کم کرنے کی یا اسے سائیڈ لائن کرنے کی کوشش میں ہیں۔