واشنگٹن: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے خاتمے، علاقائی سکیورٹی اور اقتصادی تعاون پر بات چیت کی۔
وزیراعظم دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں جرات مندانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے جنوبی ایشیا میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ مشرق وسطیٰ، خاص طور پر غزہ اور مغربی کنارے میں امن کی بحالی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو بھی وزیر اعظم نے سراہا۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اس سال ہونے والے ٹیرف معاہدے کی حمایت کی، اور امید ظاہر کی کہ پاک-امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا، اور وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی امریکی صدر کی طرف سے کی گئی عوامی توثیق پر ان کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔