Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد  :  وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے بندرعباس میں ہونے والے دھماکے پر افسوس اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔

وزیراعظم نے بندرگاہ پر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے پس منظر میں بھارت کی اشتعال انگیزیوں پر پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، اور اگر ایران امن کے لیے کوئی مثبت کردار ادا کرنا چاہے تو پاکستان اس کا خیرمقدم کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کو ہر سطح پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خود اس لعنت کا سب سے بڑا شکار رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے "پانی کو بطور ہتھیار" استعمال کرنے کے رویے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر صورت میں دفاع کرے گا۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رہے گی۔

مکالمے کے اختتام پر ایرانی صدر نے سانحہ بندرعباس پر اظہار یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا اور شہباز شریف کو دورہ تہران کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے بھی ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دہرائی۔

ٹیگز: