Get Alerts

یوٹیوب پریمیئم کی فیس میں اضافہ، ستمبر سے صارفین کو زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی

یوٹیوب پریمیئم کی فیس میں اضافہ، ستمبر سے صارفین کو زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی

کیلیفورنیا:یوٹیوب پریمیئم صارفین کے لیے سبسکرپشن مزید مہنگی ہونے جارہی ہے۔ گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں پریمیئم پلانز کی ماہانہ فیس بڑھانے کی تصدیق کردی ہے، جس کا اطلاق 23 ستمبر 2026 سے صارفین کے اگلے بلنگ سائیکل پر ہوگا۔

نئی قیمتوں کے تحت بعض یورپی ممالک میں انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.99 یورو سے بڑھ کر 15.99 یورو ہوجائے گی۔ فن لینڈ میں یہی فیس 14.99 یورو سے بڑھا کر 16.99 یورو مقرر کی گئی ہے، جبکہ رومانیہ میں قیمت 29 سے بڑھ کر 32 رومانی لیو ہوجائے گی۔

سنگاپور میں بھی صارفین کو زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔ انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.98 سے بڑھ کر 15.98 سنگاپوری ڈالر جبکہ فیملی پلان کی قیمت 27.98 سے بڑھ کر 31.98 ڈالر ہوجائے گی۔

گوگل کے مطابق نئی قیمتیں ہر صارف پر اس کی اگلی بلنگ تاریخ سے لاگو ہوں گی۔ یعنی جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد مقرر ہے، ان سے نئی شرح کے مطابق رقم وصول کی جائے گی۔

یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات سے پاک ویڈیوز، بیک گراؤنڈ پلے اور دیگر پریمیئم سہولیات فراہم کرتا ہے۔ گوگل مختلف خطوں میں سبسکرپشن کی قیمتوں میں تبدیلیاں مرحلہ وار نافذ کرتا ہے، اس لیے تمام ممالک میں ایک جیسی قیمت یا اضافہ ضروری نہیں۔

یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی مختلف مارکیٹس میں اپنی پریمیئم سروس کی قیمتوں پر نظرثانی کر رہی ہے۔ اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کے بعض پلانز کی فیس میں اضافہ کیا جاچکا ہے۔

ٹیگز: