یوٹیوب کا نیا مسئلہ، پریمیئم سبسکرائبرز بھی شارٹس آٹو پلے سے پریشان

یوٹیوب کا نیا مسئلہ، پریمیئم سبسکرائبرز بھی شارٹس آٹو پلے سے پریشان

کیلیفورنیا: یوٹیوب کے صارفین کو ایک نئے اور عجیب مسئلے کا سامنا ہے، جس کے تحت ایپ کھولنے پر ہوم پیج کے بجائے براہ راست شارٹس ٹیب اوپن ہو جاتی ہے اور ویڈیوز خودبخود چلنے لگتی ہیں۔

متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈیٹ پر شکایت کی ہے کہ جب وہ یوٹیوب ایپ کھولتے ہیں تو وہی شارٹس ویڈیو آٹو پلے ہو جاتی ہے جو ایپ بند کرنے سے قبل آخری بار دیکھی گئی تھی۔

9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق، کچھ صارفین نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کے یوٹیوب ایپ میں وہ شارٹس ویڈیوز بھی آٹو پلے ہو رہی ہیں جو انہوں نے پہلے دیکھی بھی نہیں تھیں۔


ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ مسئلہ کسی تکنیکی خرابی (bug) کی وجہ سے پیش آ رہا ہے یا یوٹیوب کی جانب سے دانستہ طور پر ایسا کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو شارٹس ویڈیوز دیکھنے پر مجبور کیا جا سکے، خاص طور پر وہ لوگ جو عام طور پر شارٹس دیکھنا پسند نہیں کرتے۔


اگر آپ اینڈرائیڈ صارف ہیں اور یوٹیوب میں اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں تو 9 ٹو 5 گوگل کے مطابق، یوٹیوب کی cache فائلز کلیئر کرنے سے عارضی طور پر یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

تاہم، دلچسپ بات یہ ہے کہ جیسے ہی آپ دوبارہ شارٹس کو اوپن کریں گے، یہ مسئلہ پھر سامنے آ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، یوٹیوب کو جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپ ڈیٹ فراہم کرنی چاہیے تاکہ صارفین کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔