تاج محل میں سیاحوں کو بندروں سے محفوظ رکھنے کے لیے غلیلوں کا استعمال

تاج محل میں سیاحوں کو بندروں سے محفوظ رکھنے کے لیے غلیلوں کا استعمال
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹائمز آف انڈیا ٹوئٹر

آگرہ : بھارت کے مشہور سیاحتی مقام تاج محل کی نگرانی پر تعینات پولیس اہل کاروں کو غلیلیں فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ وہ دنیا کے عجائبات میں شامل اس تاریخی عمارت کو دیکھنے کے لیے آنے والوں کو بندروں سے تحفط فراہم کر سکیں۔

پولیس اہل کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو تنگ کرنے والے بندروں کو ڈرانے اور بھگانے کے لیے غلیل اور کنکر کا استعمال کریں تاکہ انہیں گزند بھی نہ پہنچے۔قدامت پسند ہندووں کے نزدیک بندر ایک متبرک جانور اور دیوتا ہنومان کا پرتو ہے جسے نقصان پہنچانا منع ہے۔

تاج محل کے اندر اور آس پاس بندر کثیر تعداد میں گھومتے پھرتے رہتے ہیں۔ وہ سیاحوں سے کھانے پینے کی چیزیں چھین لیتے ہیں۔ کچھ بندر تو اتنے نڈر اور دلیر ہو چکے ہیں کہ لوگوں پر حملہ بھی کر دیتے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں غیرملکیوں سمیت کئی سیاح بندورں کے حملوں میں زخمی ہو چکے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق اس شہر میں ان کی تعداد 15000 کے لگ بھگ ہے۔ ان کی اکثریت سنگ مرمر سے بنے تاج محل کے اندر اور آس پاس پائی جاتی ہے۔

جہاں وہ سیاحوں سے کھانے پینے کی چیزوں کے لیے چھینا جھپٹی کرتے نظر آتے ہیں۔بھارت میں بندروں کی مجموعی تعداد کا تخمینہ تقریباً پانچ کروڑ ہے۔