فراڈ کیس: فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی 10 فروری کی تاریخ مقرر

فراڈ کیس: فواد چوہدری کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی 10 فروری کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف فراڈ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد ک جج محمد سہیل نے سماعت کی اور حکم دیا کہ فواد چوہدری پر مالی فراڈ کے کیس میں 10 فروری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

سماعت کے آغاز میں جج محمد سہیل نے کہا کہ آج فرد جرم کی کارروائی شروع کر دیتے ہیں۔


فواد چوہدری کے وکیل قیصر امام نےاستدعا کی کہ میں نے ابھی کیس لیا ہے، فائل دیکھنے کے لیے وقت درکار ہے، فواد چوہدری سپریم کورٹ کے وکیل ہیں، وزیر رہ چکے ہتھکڑی نہ لگائی جائےجس پر جج محمد سہیل نے سوال کیا کہ کیا یہ ساری چیزیں فواد چوہدری کو باقی قیدیوں سے بالاتر بناتی ہیں؟ 

وکیل صفائی قیصر امام نے  جواب دیا کہ کمرۂ عدالت کے اندر ہتھکڑی نہ لگائیں، فواد چوہدری وکیل ہیں، فواد چوہدری کو کبھی منہ ڈھانپ کر کبھی ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جاتا ہے، فواد چوہدری میڈیا کی ہیڈ لائنز بنتے ہیں، ہتھکڑی لگا کر پیش نہ کیا جائے، فواد چودھری کو نیچا دکھانے کے لیے یہ سب کیا جاتا ہے، برصغیر میں ہتھکڑی تذلیل کے لیے استعمال کی جاتی ہے، کل فواد چوہدری ہماری اسمبلی میں نمائندگی کر رہے ہوں گے۔

جس پر جج محمد سہیل نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ کر مناسب آرڈر کروں گا۔

مصنف کے بارے میں