کوئٹہ : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نارتھ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فورس کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ، میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کا افسران سے تعارف کرایا اور فورس کی تربیت و پیشہ ورانہ کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ نے قیامِ امن کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، وہ کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ ایک بہادر اور باصلاحیت فورس ہے، جس کے افسران اور جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں تاریخ رقم کی ہے۔ وزیر داخلہ نے فرنٹیئر کور کی پیشہ ورانہ مہارت، شجاعت اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی اس فورس پر فخر ہے۔