کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے اور سندھ پولیس کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔
نیشنل پولیس اکیڈمی میں سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز (DSPs) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت میں نیشنل اکیڈمی کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا کہ ڈی ایس پیز نے اب میدانِ عمل میں جا کر عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کرنی ہے۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس افسران کو اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھتے ہوئے پورے جذبے اور لگن کے ساتھ اپنے ادارے، ملک اور عوام کے لیے خدمات انجام دینی چاہئیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔