حکومتی غفلت کے باعث پورے ملک میں زندگی کا پہیہ جام ہو گیا تھا : شفقت محمود

حکومتی غفلت کے باعث پورے ملک میں زندگی کا پہیہ جام ہو گیا تھا : شفقت محمود


اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فیض آباد دھرنے کے اختتام کا خیر مقدم کرتی ہے۔حکومتی غفلت کے باعث پورے ملک میں زندگی کا پہیہ جام ہوگیاتھا۔تشدداورقیمتی جانوں کے ضیاع کے بغیر بھی معاملہ کافی پہلے حل کیا جاسکتاتھا۔


ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر رکھ کراور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرکے حکومت قوم کو دقت سے بچا سکتی تھی۔سچ یہ ہے کہ حکومت نے ابتداہی سے معاملے کے بارے میں انتہائی غلط انداز اختیار کیا۔پورے معاملے پر حکومتی ناکامیوں کی فہرست انتہائی طویل ہے۔حکومت نے انتہائی مشکوک انداز میں ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی۔کمیٹی اور سب کمیٹی کے اراکین کو اس حوالیسے حکومت نے کوئی نوٹس نہیں دیا۔دونوں کمیٹیوں کے کسی بھی اجلاس میں کبھی بھی اس پر بحث نہیں کی گئی۔


شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ اجلاسوں کی محفوظ کارروائی اس حقیقت کی گواہی دے گی۔کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم قومی اسمبلی میں پیش کی گئی نہ ہی کبھی اس پر بحث ہوئی۔معاملے پر راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی رپورٹ کو چوبیس گھنٹوں میں آناتھا۔بارہا مطالبات کے باوجود تاحال یہ رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔