مسئلہ کشمیر پر دنیا نے توجہ نہ دی تو جنگ کے علاوہ کوئی آپشن نہیں :وزیر اعظم عمران خان

مسئلہ کشمیر پر دنیا نے توجہ نہ دی تو جنگ کے علاوہ کوئی آپشن نہیں :وزیر اعظم عمران خان

نیو یارک :جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران عمران خان نے دنیا کو دوٹوک الفاظ میں پیغام دیا کہ اگر مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری نے مداخلت نہ کی تو دو جوہری ممالک آمنے سامنے ہو نگے ۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تاریخی خطاب میں عمران خان نے ایک دفعہ پھر کشمیر کا سفیر بن کر مودی اور آر ایس ایس کو بے نقاب کیا ،انہوں نے کہا اگر بھارت نے کرفیو نہ اٹھایا تو جنگ کے علاوہ ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں بچے گا ،اس وقت بھارت نے 80لاکھ کشمیر یوں کو گھروں میں 50دن سے زائد ہو گئے محصور کیے رکھا ہے ،اگر لاکھوں یہودیوں کو اس طرح محصور رکھا جائے تو کیا ہوگا ؟روہنگیا میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا ،دنیا نے کیا ردعمل دیا ؟بھارتی حکومت نے 13ہزار کشمیری نوجوانوں کو مختلف جیلوں میں قید کر رکھا ہے ،دہشتگردی کو اسلام سے جوڑا جاتا ہے اور پوری دنیا خاموش رہتی ہے ،آج بھی بھارت کیلئے کوئی بیانیہ نہیں ہے ۔

عمران خان نے کہا کشمیرمیں لوگوں کو گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے ،مودی آج اپنی دہشتگرد جماعت آر ایس ایس کے نظریہ پر کام کر رہی ہے ،آ رایس ایس بھارت سے مسلمانوں ،عیسائیوں سے نسل پرستی کی بنیاد پر قائم ہوئی ،کیا دنیا نے سوچا مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا کشمیریوں پر کیا اثر ہو گا ،مودی کی انا اور تکبر نے انہیں نابینا بنا دیا ہے ،انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ افراد کو جانوروں کی طرح بند کیا ہوا ہے ،اپنے خطاب میں عمران خان نے صاف الفاظ میں کہا دنیا نے حالات جان کر بھی کچھ نہیں کیا کیونکہ بھارت ایک ارب سے زیادہ کی منڈی ہے ۔

انہوں نے کہا بھارت نے سلامتی کونسل کی 11قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ،دنیا کو سوچنا چاہیے جب کرفیو ختم ہوگا تو اس کا ردعمل کیا ہوگا ،بھارت کو ہر حال میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینی پڑے گی ،اس سنگین صورتحال میں اقوام متحدہ کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے ،اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ دار ی پوری کرنا ہوگی ۔