Get Alerts

لاہور: نیو ایئر نائٹ پر سخت سیکیورٹی پلان، 25,000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات

لاہور: نیو ایئر نائٹ پر سخت سیکیورٹی پلان، 25,000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات

لاہور :  نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے سخت سیکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق، نیو ایئر نائٹ پر پنجاب بھر میں 25,000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ لاہور میں 5,000 سے زائد پولیس اہلکار شہر بھر میں تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سیکیورٹی کی نگرانی کی جائے گی، اور پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی کسی بھی قسم کی اجازت نہیں ہو گی۔ شرپسند عناصر جو شہریوں یا خواتین کو تنگ کریں گے، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور انہیں حوالات میں بند کیا جائے گا۔

پولیس کی دیگر فورسز، جیسے ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، اور پی ایچ پی ٹیموں کو سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، لاہور سمیت دیگر شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

آئی جی پنجاب نے تمام پولیس اہلکاروں کو تاکید کی ہے کہ وہ ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی طرح کی بدامنی یا غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکیں۔ نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی کی یہ اقدامات لاہور اور پنجاب بھر میں عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

ٹیگز: