وزیر خزانہ شوکت ترین کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی

وزیر خزانہ شوکت ترین کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی ہے اور عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق یکم جون کو مزید دلائل طلب کر لئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے فرید عادل کی درخواست پر سماعت کی جس دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے شوکت ترین کی بطور وزیر خزانہ تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ لاہور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار نہیں البتہ درخواست اسلام آباد میں دائر کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت قانون اور شوکت ترین کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شوکت ترین کی تقرری آئین میں طے کئے گئے اصولوں کے خلاف ہے۔