بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت پر جشن، گرفتار افراد کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان

بھارت کیخلاف پاکستان کی جیت پر جشن، گرفتار افراد کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں انڈیا کیخلاف پاکستان کی فتح پر بھارت میں جشن منانے والے اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے پر گرفتار کئے گئے افراد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی فتح پر بھارت میں جشن منانے پر گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ 
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے تاریخی شکست دی تو راجستھان کے علاقے اودے پور میں ایک پرائیویٹ سکول کی خاتون ٹیچر اور تین انجینئرنگ کے طالب علموں کو سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پیغامات پوسٹ کرنے اور بھارت مخالف نعرے لگانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ 
اپرپردیش پولیس کا کہنا ہے کہ 5 مختلف مقدمات میں ضلع آگرہ، بریلی، بداﺅں اور سیتاپور سے 7 افراد کو بھارت مخالف پیغامات جاری کرنے پر حراست میں لیا گیا جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع سامبا سے بھی 2 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔