لاہور : پی ڈی ایم اے پنجاب نے ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بالائی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹو ں کے دوران نارووال میں 58 ملی میٹر ، قصور 15 ، لاہور 27 ، سیالکوٹ 7 ، مری 14، منگلا اور گجرات میں 1 ، جبکہ جہلم میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشو ں کا پانچواں اور موجودہ سپیل 31 جولائی تک جارہی رہنے کا امکان ہے ، تاہم پی ڈی ایم ا ے کے صوبائی کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور مری و دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔