Get Alerts

پاکستان اور کویت کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور کویت کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔

دونوں رہنماؤں کی زیر صدارت وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پاکستان اور کویت کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، کان کنی و معدنیات، دفاع اور اقتصادی شراکت داری سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر عالمی اور کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان آمد پر حکومت اور عوام کی جانب سے کیے گئے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران کویت کے لیے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو بھی سراہا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں اس باہمی فائدہ مند شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں مشرق وسطیٰ اور فلسطین کی صورتحال بھی شامل تھی۔

کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی سراہا۔

ٹیگز: