سعودی عرب میں ہونیوالے تبدیلیوں کے اثرات واضح ہو رہے ہیں، امریکی تاجر

سعودی عرب میں ہونیوالے تبدیلیوں کے اثرات واضح ہو رہے ہیں، امریکی تاجر

واشنگٹن : امریکی سرمایہ کار اورمعروف تاجر ڈیوڈ روبنسٹین نے کہا ہے کہ وقت حاضر میں سعودی عرب غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک بن گیا ہے۔مستقبل قریب میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروہاں دکھائی دیں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی سرمایہ کار اور معروف تاجر ڈیوڈ روبنسٹین نے کہا کہ سعودی عرب میں جو تبدیلیاں ہوئی ہیں ان کے اثرات واضح ہو رہے ہیں، اب وہاں کی حصص مارکیٹ میں غیر ملکی بھی آرام سے شیئرز خرید سکتے ہیں جبکہ اس سے قبل یہ ممکن نہیں ہوتا تھا۔ امریکی تاجر نے کہا کہ ماضی میں کسی غیر ملکی کو یہ حق نہیں تھا کہ وہ سعودی عرب میں کسی نجی کمپنی کے لیڈنگ شیئر ز خرید سکے جو اب ممکن ہو چکا ہے۔بیرونی سرمایہ کاری کو اوپن کرنے کے بعد اب سعودی عرب میں امریکی ہی نہیں دنیا بھر کے سرمایہ کار آئیں گے اور نئی معاشی تبدیلی رونما ہو گی جس کے مثبت اثرات معاشرے پر پڑیں گے اور ملک کی معیشت مزید مستحکم ہو گی۔
ڈیوڈ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں تبدیلی ایک رات میں نہیں آسکتی اس کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے، جب ہم نے امریکی قوانین میں تبدیلی کا سوچا تھا تو اس پر عمل درآمد کرنے میں کافی وقت لگا تھا۔تاہم اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے حالات کا تجزیہ کرنا چاہئے کیونکہ تبدیلی کیلئے وقت انتہائی اہم ہوتا ہے۔