Get Alerts

امریکہ نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کردیا

امریکہ نے چینی طلبا کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کردیا

واشنگٹن: امریکہ نے چینی طلبہ کے لیے ویزا پالیسی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کئی طلبہ کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی کے تحفظ کے تحت اٹھایا جا رہا ہے، اور اس کا اطلاق خاص طور پر ان چینی طلبا پر ہو گا جن کا تعلق چینی کمیونسٹ پارٹی یا اس سے منسلک اداروں سے ہے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ آنے والے چینی اور ہانگ کانگ کے شہریوں کی ویزا درخواستوں کی اب مزید سخت جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ویزا جاری کرنے کے لیے درکار شرائط میں بھی نظرثانی کی جا رہی ہے۔

اس فیصلے کے ایک روز قبل ٹرمپ انتظامیہ نے تمام امریکی سفارتخانوں کو ہدایت دی تھی کہ طلبہ ویزوں کے لیے اپائنٹمنٹس کی شیڈولنگ روک دی جائے تاکہ ویزا درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا گہرائی سے تجزیہ کیا جا سکے۔

حالیہ برسوں میں امریکہ اور چین کے تعلقات میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اور واشنگٹن حکومت کا ماننا ہے کہ بعض چینی طلبہ امریکی تعلیمی اداروں میں داخلہ لے کر حساس تحقیقی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو کہ امریکہ  کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

ٹیگز: