اسلام آباد: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پہلا اجلاس کل استنبول میں ہوگا، جس میں معاہدے کے خدوخال اور اس پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سرکاری مصروفیات کے سلسلے میں استنبول پہنچے ہیں، جہاں وہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے دوران وہ ترک حکام اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہونے والے اس پہلے اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔