کیرون پولارڈ کے ایک اوور میں 6 چھکے دیکھنے والے سری لنکن بلے باز نے بھی ایک اوور میں 36 رنز بنا ڈالے

کیرون پولارڈ کے ایک اوور میں 6 چھکے دیکھنے والے سری لنکن بلے باز نے بھی ایک اوور میں 36 رنز بنا ڈالے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کولمبو: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر تھیسارا پریرار ڈومیسٹک میچ کے دوران ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے سری لنکا کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق 31 سالہ تھیسارا پریرار ڈومیسٹک کرکٹ میں آرمی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں جنہوں نے بلوم فیلڈ کرکٹ اینڈ ایتھلیٹک کلب کے خلاف کھیلے گئے میچ میں 13 گیندوں پر 52 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور اس دوران مجموعی طور پر 8 چھکے لگائے جن میں سے 6 چھکے ایک ہی اوور میں مارے۔ 
پریرار رواں سال میں ہی کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ٹی 20 میچ کا حصہ بھی تھے جس میں کیرون پولارڈ نے ان کے ساتھی کھلاڑی اکیلا دنانجیا کو ایک اوور میں 6 چھکے لگائے۔ 
اس میچ میں پریرار صرف ایک سکور بنانے میں ہی کامیاب ہوئے تھے تاہم اب وہ ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے 9 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس فہرست میں گارڈفیلڈ سوبر، روی شاستری، ہرشل گبز، یووراج سنگھ، روز وائٹلی، حضرت اللہ زازئی اور لیو کارٹر بھی شامل ہیں۔ 
واضح رہے کہ تھیسارا پریرار سری لنکا کی جانب سے 6 ٹیسٹ، 166 ون ڈے انٹرنیشنل اور 84 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں مگر جس میچ میں انہوں نے کیرئیر کا اہم سنگ میل عبور کیا وہ میچ بارش کی نذر ہو گیا اور یوں ایک اوور میں 6 چھکے بھی کسی کام نہ آ سکے۔