اسلام آباد: پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور مصر کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ممالک مل کر ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں میں جانی نقصان پر حکومت اور عوام سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور بھائی چارہ قائم ہے، اور اس دورے سے معیشت، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مزید مستحکم ہوگا۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
وزارت خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور بعد ازاں مشترکہ فوٹوسیشن بھی ہوا۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔