Get Alerts

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام کی توقع

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام کی توقع

اسلام آباد : پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے، منڈیوں تک رسائی بڑھانے، اور باہمی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی توقع ہے۔ اس معاہدے سے پاکستان کی مصنوعات پر امریکہ میں لگنے والے ٹیرف میں کمی آ سکتی ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور ان کی عالمی مارکیٹ میں مسابقت میں اضافہ ہو گا۔

معاہدہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران طے پایا، جس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور سیکرٹری کامرس جواد پال بھی موجود تھے۔

اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق اس معاہدے کے نتیجے میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر اہم شعبوں میں اقتصادی تعاون کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجی شعبے کا اس معاہدے میں اہم کردار رہا ہے اور تجارت و سرمایہ کاری کے توازن کو بہتر بنانے میں نجی شعبے کی شراکت داری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیل پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے ملک کی معیشت کو مزید فروغ ملے گا۔

یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔

ٹیگز: