کپتان بابر اعظم پر الزام لگانے والی لڑکی نے عدالت سے رجوع کر لیا

The girl who accused Captain Babar Azam approached the court
کیپشن: عدالت نے درخواست پر نوٹس لیتے ہوئےپولیس کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی: فائل فوٹو

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر پیار میں دھوکا دینے کا الزام لگانے والی لڑکی نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی رہائشی حامزہ مختار نامی لڑکی نے بابر اعظم کیخلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کیا ہے جس میں حکام کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

لڑکی کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ قومی کپتان بابر اعظم نے اس سے شادی کا وعدہ کیا تھا لیکن بعد میں دھوکا دیدیا۔ عدالت اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ان کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

خیال رہے کہ قومی کپتان بابر اعظم ان دنوں نیوزی لینڈ کے دورے پر ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کیساتھ موجود ہیں۔ ان کی جانب سے ان الزامات پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

حامزہ افتخار نامی اس لڑکی نے اپنی پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ میں اور بابر اعظم اکھٹے پڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے مجھے شادی کا جھانسہ دے کر گھر سے بھگایا لیکن وعدہ پورا نہ کیا۔ اس دوران مجھے کرائے کے مکان میں رکھا گیا۔

لڑکی نے الزام عائد کیا کہ بابر اعظم پہلے کچھ بھی نہیں تھا، میں نے اسے کرکٹر بننے میں مدد کی۔ میری مالی سپورٹ کی وجہ سے بابر اعظم اچھے کرکٹر بننے کے قابل ہوئے۔ انہوں نے میرے ساتھ جنسی تعلقات قائم کئے اور جب میں حاملہ ہوئی تو ڈاکٹروں کے پاس چیک کروانے کیلئے بھی لے کر جاتے رہے۔

حامزہ مختار نے اپنے الزامات کی طویل فہرست میں دعویٰ کیا کہ مجھے جو تنخواہ ملتی میں اسے بابر اعظم کو لا کر دے دیتی تھی، ایسا سب کچھ اس لئے کیا کیونکہ میں بابر اعظم سے پیار کرتی تھی لیکن مجھے ان کی جانب سے دھوکا ملا لیکن اب مجھے انصاف چاہیے۔