ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، کراچی میں ہائی الرٹ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، کراچی میں ہائی الرٹ

اسلام آباد:  اسلام آباد، لسبیلہ، حب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ لاہور میں بھی صبح سے وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق کراچی میں آج دوپہر سے بارشوں کے 4 اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے۔  سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے ہوگا، شام کی شفٹ کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں چھٹی کردی گئی۔

 سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کنٹونمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا۔ تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ۔ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ 

دوسری طرف راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، جڑانوالہ، سرگودھا، ٹبہ سلطان پور، جہانیاں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے لسبیلہ ،حب اور گوادر میں بھی بارش ہوئی ہے۔ 

خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر، شانگلہ، بنوں سمیت مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر بھی ایک بار پھر برفباری شروع ہو گئی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے اتوار تک بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ کچھ شہروں میں طوفانی بارشوں کا بھی امکان ہے جس کے بعد ان علاقوں میں نہ صرف حفاظتی اقدامات کر لیے گئے بلکہ شہریوں کو بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گوادر میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ہے جس کے باعث 140 سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں کوئٹہ میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا جبکہ 50 سے زائد گھر مکمل اور 90 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

مصنف کے بارے میں