کراچی: پاکستان کے صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی ہلچل دیکھی گئی ہے اور فی تولہ سونے کی قیمت ہزاروں روپے گر گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 7 ہزار 100 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس گراوٹ کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 86 ہزار 962 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ 10 گرام سونا 6 ہزار 87 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 17 ہزار 491 روپے کا ہوگیا ہے۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر قیمتوں میں اس بڑی کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں ہونے والی گراوٹ ہے۔ بین الاقوامی بازار میں سونے کی قیمت 71 ڈالر گرنے کے بعد 4,642 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی، جس کا براہِ راست اثر پاکستان میں سونے کی قیمتوں پر پڑا۔ماہرین کے مطابق گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں ہونے والے غیر معمولی اضافے کے بعد آج کی یہ کمی خریداروں کے لیے کسی حد تک ریلیف کا باعث بنی ہے۔